اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی سکیورٹی کے چار پلرز تھے جن میں ایک چین ، دوسرا یورپی یونین ، تیسرا امریکہ اور چوتھا خلیجی ممالک ہیں ، عمران خان نے ان چاروں کو گرا دیا .
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان کی سفارتکاری داؤ پر لگ گہی ہے ، معاشی سفارتکاری داؤ پر لگ گئی ہے ، پاکستان کے مفادات کو اقتدار کیلئے داؤ پر لگادیا گیا ، کسی ملک کی خود مختاری اور سلامتی کا دارومدار اس کی اکنامک سکیورٹی پر ہوتا ہے ، کسی ملک کی معاشی سکیورٹی تباہ ہو جائے تو فوج اور میزائل بے اثر ہو جاتے ہیں ، اس نے اکنامک سکیورٹی داؤ پر لگادیا .
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چین پر طرح طرح کے الزامات لگا کر اس پر حملہ کیا اور سی پیک کو تباہ کر دیا ، اس نے چار سال میں سی پیک میں ایک ڈالر کا نیا منصوبہ نہیں لگایا، ہم نے 29 ارب ڈالرز کے منصوبے لگا کر سی پیک کو حقیقت بنایا ، اگر عمران نیازی اسے تباہ نہ کرتا تو آج 9 اکنامک زون میں لاکھوں افراد کو روزگار ملتا اور چین سے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری آرہی ہوتی . یورپی یونین نے کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا ، عمران نیازی نے جلسے میں ان تمام ممالک کو "تڑیاں " دیں ، باتیں سنائیں اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو داؤ پر لگا دیا .
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایسے موڑ پر کھڑ اہے کہ ایک سویلین نے آئینی بغاوت کی ، سپریم کورٹ نے فیصلہ کن انداز میں نوٹس نہ لیا تو آئین بے معنی ہو جائے گا اور خدشتہ ہے کہ آئین میں ووٹ چور دروازے کھل جائیں گے اگر آئین میں چور دروازے کھل گئے تو آنے والے وقت میں ہر حکمران ہٹلر کی طرح کا ڈکٹیٹر بن جائیں گا ، آرٹیکل 95 کو جس طرح روند اگیا ، اس کی مثال نہیں ملتی ، وہ شخص جو کہتا تھا کہ آخری گیند تک مقابلہ کروں گا وہ اپنی شکست دیکھ کر وکٹیں اٹھا کر بھاگ گیا ہے ، ہم نہ صرف وکٹیں برآمد کرینگے بلکہ ایسی سزا دینگے کہ یہ عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکے گا .
. .