بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے : کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی

 

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کور کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے دورے کے دوران اساتذہ کرام کیساتھ غیر رسمی گفتگو میں قومی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کو سراہا . انہوں نے بالخصوص بلوچستان کی خواتین کی ہمت اور طاقت کو داد دی کہ جنہوں نے اس تاثر کو زائل کر دیا ہے کہ معاشرے کے مسائل کا حل مقامی سطح پر ممکن نہیں .

کور کمانڈر نے زور دیا کہ صوبے کی خواتین نئی نسل کو احساسِ محرومی کے پنجرے سے نکل کر آزاد فضا میں مثبت مقابلے کے جذبے کے ساتھ اڑان بھرنے کی ترغیب دیں . موجودہ بلوچستان میں خواتین زندگی کے تمام تر شعبہ جات میں آگے آرہی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں جس کی ایک جھلک حال ہی میں بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب کے دوران دیکھی گئی .

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بلوچستان میں خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے عشروں پر محیط کاوشوں اور خدمات کی تعریف کی اور اس کے اساتذہ کو جامعہ کا اہم ترین ستون قرار دیا جس کے باعث یہ عظیم درسگاہ قائم دائم ہے . انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہے اور اس کے مستقبل کو تشکیل دینے میں مدد کرتے ہیں . کور کمانڈر نے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کو اساتذہ کی عظیم قومی خدمت قرار دیا اور کہا کہ اساتذہ کرام نہ صرف کسی بھی معاشرے کی اعلیٰ اقدار کے پاسبان ہوتے ہیں اور انہیں آج کے دور میں ہر طرح کے منفی پروپیگینڈے سے نئی نسل کا دفاع کرنا ہوتا ہے اور مثبت سوچ کی ترویج اور اس کی حوصلہ افزائی اُن کے فرائض میں شامل ہے . جنرل سرفراز علی نے کہا کہ بلوچستان ایک ہمہ جہتی صوبہ ہے اور لوگوں کے لیے اس کے مسائل اور معاملات کو فی الفور سمجھ لینا ممکن ہے . انہوں نے مزید کہا کہ ان پیچیدہ مسائل کا حل نیک نیتی پر مبنی مؤثر حکمتِ عملی کے تحت پرخلوص کاوشوں میں پوشیدہ ہے . کور کمانڈر نے بلوچستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت کی نشاندھی بھی کی . انہوں نے بلوچستان کے احساسِ محرومی کے تدارک کے لیے سی پیک سمیت دیگر اہم منصوبوں کو امید افزا قرار دیا .

کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے یونیورسٹی کے آڈییٹوریم کی مرمت و تزئین کی ہدایت بھی کی اور یونیورسٹی کے تمام اساتذہ کے لیے کینٹ کے انٹری پاس کے اجراء کا اعلان بھی کیا . قبل ازیں یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے یونیورسٹی آمد پر کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی آئی جی ایف سی نارتھ بریگیڈئیر احمد نواز کا استقبال کیا جب کہ نشست کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں