اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ میں سپیکر کی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے واضح کیا کہ پنجاب کے حوالے سے فی الحال کوئی مداخلت نہیں کر رہے ، کوئی مسئلہ ہے تو درخواست دیں .
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر سربراہی پانچ رکنی لارجر بینچ سپیکر رولنگ کے خلاف کیس کی سماعت کر رہا ہے ، دوران سماعت مسلم لیگ (ن )کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مجھے ایک منٹ کیلئے سنا جائے ، لاہور میں حالات کشیدہ ہیں ،لگتا ہے کہ آج بھی وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہیں ہو سکے گا ، پنجاب اسمبلی کا عملہ بھی اسلام آباد کے معاملے کی ایکسٹینشن ہے ،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری نے آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا تھا لیکن اسمبلی کا عملہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا اور نہ ہی ان کا حکم مان رہا ہے .
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ یکطرفہ فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں ،پنجاب کے حوالے سے فی الحال کوئی مداخلت نہیں کر رہے ، کوئی مسئلہ ہے تو درخواست دیں،
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قومی اسمبلی میں تین اپریل کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں ، آج بہت اہم کیس سن رہے ہیں ، کوشش ہے کہ مقدمے کو نمٹایا جائے ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے پوچھیں گے کس قانون کے تحت اجلاس ملتوی کیا گیا، سیاسی طور پر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں ، سماعت کے آخر میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے اپ ڈیٹ لیں گی ، عدالت پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ فیصلہ نہیں کر رہی ، یکطرفہ فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں ؟ .
. .