کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کا فیصلہ ملک و جمہوریت کے حق میں ہوگا،جمعیت علما اسلام ایسے لوگوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی جنہوں نے ملک کے آئین کو پامال کیا ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا .
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اپوزیشن نے جمہوری طریقے سے حکومت کو گرا دیا، حکمران وفاق سے بھاگ گئے، پنجاب سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں . انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جدوجہد آئین کی ہے، عمران نیازی نے شکست دیکھ کر آئین توڑا ہے، ہم سپریم کورٹ سے بھی یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاف کرے . انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک وہیں سے بحال ہونے پر آئین بحال ہوگا، نیشنل سکیورٹی کمیٹی میٹنگ کا عدلیہ کے سامنے آنا ضروری ہے، ہم اس آئینی بحران سے باہر نکلنا چاہتے ہیں . انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کا فیصلہ ملک و جمہوریت کے حق میں ہوگا . انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو نکالا جا سکتا ہے تو عمران خان کو کیوں نہیں نکالا جاسکتا . انہوں نے کہا کہ عید کے بعد جمعیت علما اسلام بلوچستان سخت احتجاج کرینگے .
. .