کوئٹہ(قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاہے کہ اے این پی پیکا آرڈیننس کالعدم قرار دینے کے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے . عوامی نیشنل پارٹی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے .
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آزاد صحافت کا تحفظ اور جمہوری عمل معاشرے کی ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے . تحریک انصاف نے دیگر شعبوں کی طرح صحافت کو بھی تباہی اور بربادی کے راستے پر گامزن کیا . حکومت نے پیکا آرڈیننس کے ذریعے میڈیا کو زنجیروں میں جکڑنے کی سازش کی . جنہوں نے بھی حکومتی چوریوں کی نشاندہی کی ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا . عوامی حقوق اور جمہوریت کیلئے آواز اٹھانے والوں کو حکومتی غضب برداشت کرنی پڑی . ٹی وی چینلز، اخبارات اور صحافیوں پر پابندیاں عائد کی گئی . انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی محض صحافیوں کی نہیں قوم کی آزادی کا مسئلہ ہے . اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافت کو غلام بنانے کی حکومتی سازش کو ناکامی سے دوچار کیا . حکومت اصلاحات کیلئے سنجیدہ ہوتی تو پارلیمان میں قانون سازی کرتی نہ کہ چور دروازے اختیار کرتی . صحافی برادری کو پیکا آرڈیننس بارے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد پیش کرتےہیں . جمہوریت کی بحالی اور پارلیمان و آئین کی بالادستی کیلئے صحافی برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے . اے این پی میڈیا کی آزادی کیلئے ہر جدوجہد میں ساتھ دے گی .
. .