سپریم کورٹ کو فیصلے کی خلاف ورزی پر فوری سوموٹو نوٹس لینا چاہیے،مریم نواز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو فیصلے کی خلاف ورزی پر فوری سوموٹو نوٹس لینا چاہیے، اسپیکر نے عمران خان کی وفاداری بتا کر اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کی، آئین شکن عمران خان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو گرفتار کرنا چاہیے، سپریم کورٹ کے احکامات کو کمال ڈھٹائی سے پاؤں تلے روند دیا گیا .
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کو فیصلے کی خلاف ورزی پر فوری سوموٹو نوٹس لینا چاہیے، سپریم کورٹ عمران خان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کی فوری گرفتاری کا حکم دے، بیوروکریسی حکومت کی طرف سے ملنے والے احکامات پر عمل نہ کرے .

انہوں نے اپنے مزید ٹویٹ میں کہا کہ پہلے جعلی خط اور غیرملکی سازش کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کا دنیا بھر میں مذاق بنایا اور بچگانہ حرکتوں سے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو خراب کیا، اب آئین شکنی کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات کو کمال ڈھٹائی سے پاؤں تلے روند دیا .

یہ سب عمران خان نے مقدمات اور گرفتاری سے بچنے کے لیے کیا . اس خوف میں مبتلا دماغی مریض کے ہاتھ میں ماچس ہے جس سے یہ ہر طرف آگ لگانا چاہتا ہے . اس سے پہلے کہ یہ مزید نقصان کر دے، اس کو گرفتار کرنا چاہیے . 22 کروڑ کی قسمت ایسے ہیجانی شخص کے ہاتھ میں نہیں دی جا سکتی . اسپیکر نے آج اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ہے . انھوں نے دوسرے الفاظ میں واضح طور پر کہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کے وفادار ہیں، ملک کے نہیں .
عمران کا حکم مانیں گے آئین کا اور سپریم کورٹ کا نہیں . عمران اور اسکے حواریوں نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے خلاف اگر سازش ہوئی تو اس کا مہرہ عمران ہے . انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو عمران خان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو ملک دشمنی اور ملک اور آئین کو نقصان پہنچانے پر گرفتار کرنا چاہیے . پوری قوم کا یہ مطالبہ ہونا چاہیے . اٹھو اور اپنے پاکستان کو ایک غاصب کے ناجائز قبضے سے چھڑاو . ملک کے لیے آواز اٹھاؤ .

. .

متعلقہ خبریں