عمران خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر پر چھاپہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر پر چھاپہ پڑگیا . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے اور اہل خانہ سے تمام موبائل فون چھین لیے گئے .


پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) سے معاملے کی تحقیقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ارسلان خالد نے سوشل میڈیا پر کسی کو گالی نہیں دی نہ ہی کسی ادارے پر حملہ کیا .

خیال رہے کہ ڈاکٹر ارسلان نے ڈیجیٹل میڈیا پر بطور وزیراعظم فوکل پرسن اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ، اس سے قبل وہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے سیکرٹری تھے جب کہ ارسلان خالد نے انتخابات 2018ء کی ڈیجیٹل میڈیا مہم سمیت متعدد تاریخی واقعات کے لیے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا مہم کی قیادت بھی کی .

بتاتے چلیں کہ عمران خان اب پاکستان کے وزیراعظم نہیں رہے کیوں کہ ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اکثریتی ووٹوں سے کامیاب ہوگئی، تحریک عدم اعتماد کے حق میں بغیر پی ٹی آئی کے منحرف ارکان 174 ووٹ پڑے ہیں ، نئے قائد ایوان کا انتخاب پیر11 اپریل کو ہوگا ، تحریک انصاف کے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد کہا کہ میں اسپیکر کی صدارت پینل آف چیئرمین کے رکن سردار ایاز صادق کو سونپتا ہوں .
اس کے بعد پینل آف چیئرمین کے رکن ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کی اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا عمل شروع کیا ، ایاز صادق نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پڑھ کر سنائی، ووٹنگ کیلئے اسمبلی کے دروازے بند کرائے گئے، نئے قائد ایوان کا انتخاب پیر11 اپریل کو ہوگا، نئے قائد ایوان کیلئے عہدے کیلئے کاغذات نامزندگی طلب کرلیے گئے .

. .

متعلقہ خبریں