عمران خان اگر جان دینے کا کہتے ہیں تو جان بھی دیں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر جان دینے کا کہتے ہیں تو جان بھی دیں گے . پارلیمنٹ آمد پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر استعفیٰ کا کہتے ہیں تو استعفیٰ دیں گے، عمران خان اگر جان دینے کا کہتے ہیں تو جان دیں گے .

زرتاج گل نے کہا کہ ڈی آئی خان سے پہنچی ہوں،ڈی آئی خان کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے .
خیال رہے کہ عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے . سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہفتے کے روز تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ملک میں 23 ویں وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا . اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے متوقع ہے .

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہونے کے واضح امکانات ہیں .

شہباز شریف کے مد مقابل سابقہ وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن شاہ محمود قریشی ہیں . آج ہونے والی اس ووٹنگ میں دونوں امیدواران کوکامیابی کے لیے 342 نشستوں پر مبنی اس ایوان میں 172 ارکان کی حمایت چاہیے ہو گی . پاکستان کی قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مستعفی ہوگئے تھے، جس کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس آج طلب کیا ہے .
یاد رہے کہ عمران خان ملک کے ایسے پہلے جمہوری وزیر اعظم ہیں، جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی . ماضی میں دو بار پہلے بھی اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف یہ تحریک چلائی گئی لیکن کامیاب نا ہو سکی تھی . اس تمام صورت حال کے باوجود پاکستان بھر میں عوام کی جانب سے عمران خان کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور 'امپورٹڈ حکموت نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے گئے . علاوہ ازیں عمران خان کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور ریلیوں پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا . واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد کامیاب ہونے والا امیدوار رات 8 بجے وزیراعظم کا حلف اٹھائے گا .

. .

متعلقہ خبریں