پی ٹی آئی کی طرف سے قومی اسمبلی سے پہلا استعفیٰ آگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے قومی اسمبلی کی نشست سے پہلا استعفیٰ آگیا ، رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی کی نشست سے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا . تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء مراد سعید نے اپنے استعفے کی کاپی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کی حرص زر ، ہوس اقتدار نے قوم کو بھکاری بنایا ، جن کی غلامانہ ذہنیت نے میرے گھروں کو مقتل گاہ بنایا ، میرے لوگوں کو پناہ گزین اور میری ماں کو زندہ درگور کردیا ، میں ان کو اس ملک کا سربراہ مانوں؟ ایبسلوٹلی ناٹ! یہ فیصلہ فقط میرا نہیں بلکہ میرے ملک کی 22 کروڑ عوام کا بھی ہے .

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا ، پارٹی سربراہ عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلی کے اندر اور باہر کی سیاست پر مشاورت کی گئی ،عمران خان نے تمام ارکان سے اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حوالے سے رائے طلب کی ، جس کے بعد پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کیا .

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ میں ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا ، عمران خان نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر اعلان کیا کوئی اور استعفی دے یا نہ، میں اکیلا بھی رہ گیا تو استعفی دوں گا، میرا اصولی موقف ہے پیچھے نہیں ہٹوں گا . قبل ازیں وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور قانون فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں سے بھی استعفے دیں گے، جس کے بعد پورے ملک میں الیکشن ہوں گے ، عمران خان کی قیادت میں ہم نے ایک بڑی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے ہم نے عمران خان کو کہا کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہو جائیں ، پارلیمانی پارٹی کے زیادہ تر ارکان نے پہلے ہی استعفے وزیراعظم کو دے چکے ہیں ، چند ہفتوں میں نئے انتخابات کی طرف بڑھیں گے .

. .

متعلقہ خبریں