وزیراعظم آزاد کشمیر نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس سمیت 5 وزراء کو برطرف کر دیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس اور وزیر تعلیم عبدالماجد خان بھی شامل ہیں .

اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم بھی شامل ہیں .
وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے وزراء کو برطرف کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا . وزراء کوبد عنوانی،مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے کابینہ سے نکالا گیا ہے . خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبد القیوم نیازی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی تھی .

عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی ممبران اسمبلی نے جمع کروائی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد لانے والوں میں ماجد خان ، علی شان سونی اور اکبر ابراہیم شامل ہیں اور اس تحریک عدم اعتماد پر 25 ممبران کے دستخط ہیں جب کہ آزاد کشمیر کے سینئر سیاستدان سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے .

خیال رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی پہلی اور بڑی کے بعد حکومت سازی کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم کے عہدے کے لیے پارٹی سے ایک ایسے شخص کو چننا جو آزاد کشمیر میں انتظامی اور حکومتی سطح پر تبدیلی لا سکے، یہ انتہائی اہم مرحلہ تھا ، اس سلسلے میں عمران خان نے تین سوال الگ الگ وزارت عظمیٰ کے چنیدہ امیدواروں کے سامنے رکھے اور تسلی بخش جواب دینے والے کو اس اہم عہدے پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا .
عمران خان نے پوچھا کہ آپ کے پاس کشمیر کے مسئلے کے لیے کیا حل ہے ؟ دوسرا سوال یہ پوچھا کہ آپ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کیا کریں گے؟اور تیسرا یہ کہ کشمیر کے عوام کے مسائل کا آپ کے پاس کیا حل ہے؟ عمران خان نے جن سے انٹرویو کیا ان میں پرانے کھلاڑی خواجہ فاروق،بیرسٹر سلطان محمود اور پہلی بار سیاسی افق پر منظر عام پر آنے والے سردار تنویر الیاس کا انٹرویو کیا ، پھر فیصلہ کیا کہ مزید شخصیات کا بھی انٹرویو کیا جائے ، جس کے بعد اظہر صادق، دیوان چغتائی ، انصرا ابدالی اور عبدالقیوم نیازی بھی شامل تھے .
ذرائع کے مطابق عبدالقیوم نیازی نے تینوں سوالوں کے جواب سے وزیراعظم کو مطمئن کیا اور کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے وزیراعظم کے وژن پر عمل درآمد کرکے دکھائیں گے ، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے اور احتساب کا نظام آزاد کشمیر میں ان کی کارگردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، عمران خان نے اطمینان کے بعد عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی دعوت دی تھی .

. .

متعلقہ خبریں