مغرب میں قرآن مجید کی توہین کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے، ثمینہ زہری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) اسلام محبت اور رواداری کا مذہب ہے ، اسلام کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کو ان کی مذہبی عبادات سے نہیں روکتااور نہ ہی ان کے مذہبی معاملات میں دخل اندازی کرتا ہے . نیدرلینڈ اور سوئیڈن میں شدت پسندوں کی جانب سے ایک بار پھر قرآن مجید کی بے حرمتی ناقابل برداشت عمل ہے جس سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور ہم ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں .

ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے نیدرلینڈ اورسوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کیا . انہوں نے نیدرلینڈ اورسوئیڈن میں ہونے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات امن پسند مذہب دین اسلام کے خلاف چند مذہبی شدت پسندوں اور ذہنی مریضوں کا غلیظ اور مکروہ فعل ہے جس کی دنیا میں بسنے والے تمام مسلمان شدید مذمت کرتے ہیں . عالمی برادری کو ان مکروہ واقعات کی مذمت کرنی چاہئے اور ایسے نفرت انگیز رویوں کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں . ہم نیدرلینڈ اور سوئیڈن سے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے اور دین اسلام میں مذہبی رواداری کے فروغ اور آپس میں امن و آشتی کے اصولوں پر زندگی گزارنے کا درس دیا جاتاہے . انہوں نے کہا کہ یورپ میں اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت اور اشتعال انگیز واقعات ساری دنیا کے لئے لمحہ فکر ہیں . یورپی ممالک میں پے درپے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت قانون نافذ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی شخص کسی مذہب کے خلاف اس طرح کے مکروہ فعل سے باز رہے . انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن پسند مذہب ہے اور اسلام میں شدت پسندی یا دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں . دین اسلام ساری دنیا کے لئے امن کا پیغام دیتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے نبی آخری الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رحمتہ اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا جن کی تعلیمات نہ صرف مسلمانوں بلکہ ساری دنیا کے لئے امن کا پیغام اور امن و محبت کا درس دیتی ہیں . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میںمسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات بڑھے اور مغربی دنیا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات رونما ہوئے . مذہبی آزادی ہرشخص کا بنیادی حق ہے اور اسلام میں کسی بھی مذہب کے خلاف نفرت انگیزی کا کوئی تاثر نہیں اور دین اسلام میںاس عمل کونا پسندیدہ قرار دیا ہے اور سختی سے منع کیا گیا ہے . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ساری دنیا خاص کر مغربی دنیا میں اسلاموفوبیا کے خلاف آگاہی اور تدارک کے لیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس سے مسلمانوں کے خلاف تشدد اورمنافرت بڑھ رہی ہے اور پاکستان اس سلسلے میں بھرپور آواز اٹھا رہا ہے . انہوں نے کہا کہ اسلام اورمسلمانوں کے خلاف نفرت کوروکنا ہوگاجبکہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے مذہبی رواداری کا فروغ وقت کا تقاضا ہے . اس سلسلے میں مسلم ممالک کا فرض بنتا ہے کہ ہر فورم پر اسلاموفوبیا جیسے ناسور کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں اور اس کے روک تھام کے لئے موثر اقدامات کے لئے آواز اٹھائیںجبکہ تمام مسلم ممالک کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہئے .

. .

متعلقہ خبریں