بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ساحلی علاقوں کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ادارہ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ساحلی علاقوں کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ادارہ ہے جسے مزید فعال اور متحرک بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی اورگورننگ باڈی کے تمام اراکین نے شرکت کی سیکرٹری محکمہ ماہی گیری بابر خان کاکڑ نے گورننگ باڈی کے اجلاس کا ایجنڈہ پیش کیااجلاس میں گورننگ باڈی کے 16ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ اجلاس نے بی سی ڈی اے کے مالی سال 2021-22کی بجٹری گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی دی اجلاس نے بی سی ڈی اے کے ایک ریٹائرافسر کی بعد از ریٹائرمنٹ ترقی کی منظوری بھی دی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گورننگ باڈی کے اجلاسوں کے بروقت انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے انتظامی اور ترقیاتی امور کی احسن طریقے سے ادائیگی کیلئے بروقت فیصلے اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ بی سی ڈی اے کے تحت جاری سیاحتی شعبے کی ترقی اور دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ وہ عیدالفطر کے بعد ساحلی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساحلی علاقوں کے عوام خاص طور سے ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحی ہے محکمہ ماہی گیری اس امر کو یقینی بنائے کہ ساحلی علاقوں کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات اور حقوق کو تحفظ حاصل رہے اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی .
..