سابق سینیٹر اور ایم این اے نے پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کرلیں ، پی ٹی آئی میں شامل

کراچی(قدرت روزنامہ) سابق سینیٹر اور ایم این اے محمد علی بروہی نے پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کرلیں ، پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے . تفصیلات کے مطابق کراچی میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کی جس میں سابق سینیٹر اور ایم این اے پی پی رہنماء محمد علی بروہی نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی وڈیروں کی جماعت ہے ، اس لیے عمران خان کے نظریے کو دیکھ کر تحریک انصاف میں شامل ہورہا ہوں ، ہم سب کو وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں .

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں ڈاکو راج کے خاتمے کی حکمت عملی بنالی ، ذرائع کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے انتظامی سطح پر اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت وفاقی اداروں کے ذریعے ایکشن پلان ترتیب دیا جائے گا جب کہ اسمگلنگ ، منشیات کی روک تھام اور بد انتظامی پر وفاقی حکومت کردار ادا کرے گی ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسدعمر، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ ، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی ، پی ٹی آئی رہنماؤں عامر کیانی اور سیف اللہ ابڑو نے شرکت کی . ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں صوبہ سندھ کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور صوبے میں ڈاکو راج کے خاتمے کیلئے انتظامی سطح پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ، جس کے تحت وفاقی اداروں کے ذریعے ایکشن پلان شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ، اسمگلنگ ، منشیات کی روک تھام ، بدانتظامی پر وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی . . .

متعلقہ خبریں