ملک کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران، پانی کی قلت سے 12 افراد جاں بحق

لاہور(قدرت روزنامہ) ملک کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران، پانی کی قلت سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے . دنیا نیوز کے مطابق سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، بھیڑ بکریوں سمیت سینکڑوں جانوں پیاس سے مرنے لگے،پانی کی قلت کے باعث لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبورہو گئے ہیں .

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں جن میں پیرکوہ، لوٹی، سمیت کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے قلت آب کی وجہ سے علاقہ مکین آلودہ پانی پینے پر مجبور ہو گئے جس کے باعث علا قے میں ہیضہ کا وبا پھیل گیا گزشتہ تین دنوں کے دوران خاتوں سمیت 12 افراد کے جاں بحق ہو گئے .
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیر کوہ کی گیس اسلام آباد سے کراچی تک پہنچ چکی ہے مگر پیر کوہ کے عوام کو زندگی کے باقی سہولیات تو درکنار پینے کیلئے پانی کی ایک بوند بھی دستیاب نہیں، سونے، چاندی جیسی سر زمین کے مالک پانی کے ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں، پیرکوہ کے عوام کی حالت تھر پارکر کے لو گوں سے بدترین ہو گئی ہے،چند دنوں کے دوران کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ سینکڑوں تاحال متاثر ہیں، عوامی نمائندے الیکشن کا انتظار کر رہے ہیں لیکن اس بدقسمت قوم کا حال پوچھنے والا کوئی نہیں .

محکمہ صحت کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اعظم بگٹی کے سربراہی میں متاثرہ علاقے پیرکوہ میں طبی کاروائیاں شروع کر دی ہیں،جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی ممتاز کھیتران کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بحالی صحت اور پانی کی فراہمی کے لئے فوری اور طویل المیعاد اقدامات شروع کر لئے گئے ہیں . پنجاب کے علاقےچولستان کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، بھیڑ بکریوں سمیت سینکڑوں جانوں پیاس سے مرنے لگے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنربہاولپور کو متاثروں علاقوں کے دورے کی ہدایت کردی ہے .
ادھر سندھ میں بھی پانی کی قلت برقرار ہے، صورتحال بہتر نہ ہوسکی ، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر مجموعی طور پر 52 فیصد کمی کا سامنا ہے، نہریں بھی خشک ہیں، فصلیں بری طرح متاثر ہو گئی ہیں، کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے .

. .

متعلقہ خبریں