احتجاج روکنے کیلئےغیرقانونی حربہ استعمال ہوا تو عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کیخلاف غیرقانونی حربہ استعمال ہوا تو عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج کریں گے، بلاول بھٹو اور اس کے والد قوم کو گمراہ کر رہے ہیں،بلاول بتائیں!کس کو خوش کرنے کیلئے بھارت کے ساتھ تجارت شروع کی .
انہوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ایم این ایز نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، جس پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا اس کو دہرانے کی ضرورت نہیں ہے، وکلاء نے پارٹی کا نقطہ نظر پیش کیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اپیل کا حق رکھتے ہیں، پارٹی کا نقطہ نظر پیش کرنا میرا فرض تھا، قانونی پیچیدگیوں کا سمجھنا اور ان سے رہنمائی لینا میرے لیے ضروری تھا، اس پر ہمارا تبادلہ خیال ہوا ہے، میں نے ان کی خدمت میں دو اور کیسز پیش کیے، ایک کیس یوسف رضا گیلانی والا ہے، جس پر الیکشن کمیشن فیصلہ دے چکی ہے، اس فیصلے میں یوسف رضا گیلانی کو بری الزمہ قرار دے دیا، وہاں ایم پی اے علی حیدر گیلابی کو ذمہ وار ٹھہرایا، اس پر فیصلہ دیا کہ ان کے خلاف ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن اسلام آباد فوجداری مقدمہ دائر کریں .

یہ 29اپریل کا فیصلہ ہے لیکن ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا، اگر ان کا لیگل ڈویژن کوتاہی کررہا ہے کہ میرا حق ہے میں سوال کروں کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کیا کاروائی ہوئی ہے؟ ہمارے ایک منحرف ایم پی اے ہیں، ان کی کوالیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ، الیکشن کمیشن میں کیس آیا تو الیکشن کمیشن نے ان کو ڈی سیٹ کردیا . وہ ہائیکورٹ گئے ملتان بنچ نے ان کا موقف مسترد اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کیا، اب مسئلہ سپریم کورٹ میں ہے .
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو باور کرائیں کہ وہ غیر جانبدار ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں رویہ رکھا جائے، ہم کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی توقع نہیں کرتے . شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم الیکشن کا مطالبہ اس لیے کررہے ہیں ، ملک تعطل کا شکار ہے، معیشت بحرانی کیفیت میں داخل ہوچکی ہے، ایک ماہ میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہوگیا ہے .
انہوں نے کہا کہ کیا بلاول پانی کے مسئلے پر ورلڈ بینک کے سربراہ سے ملیں گے؟ بلاول کس کو خوش کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ تجارت بحال کررہے ہیں؟ بلاول فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم پر بات کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں، بلاول بتائیں کس وزیر نے آپ سے رابطہ کیا اور دھمکی دی، بلاول اور اس کے والد قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، آپ کراچی سے مہنگائی کے خلاف مارچ کررہے تھے، قوم پوچھ رہی ہے بتائیں کس کے اشارے پر سازش کا حصہ بنے؟ ہم قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج کریں گے یہ آئینی حق ہے، حکومت نے اگر غیر قانونی حربے استعمال کیے تو عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں