متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے

ابوظہبیٰ (قدرت روزنامہ)یو اے ای کے صدر اور ابوظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے . غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے .


اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور کی جانب سے ابوظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے .
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے جب کہ یو اے ای کی تمام وزارتوں اور اداروں میں کام آج سے ہی روک دیا گیا ہے جب کہ وفاقی اور مقامی اداروں میں بھی کسی قسم کا کام نہیں کیا جائے گا .
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے قابل رہنما اور پاکستان نے عظیم دوست کھو دیا ہے . دوسری جانب چیئرمین پی پی پی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ دبئی شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے .
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے خطہ عرب ایک غیرمعمولی حکمران سے محروم ہوگیا، ان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کے عوام اور شاہی خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں .

. .

متعلقہ خبریں