حکومت کا آئندہ الیکشن سے قبل نواز شریف کی وطن واپسی کا عندیہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے آئندہ الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کا عندیہ دے دیا ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کہتے ہیں کہ قانون میں گنجائش موجود ہے اور نواز شریف آئندہ الیکشن سے پہلے پاکستان واپس ضرور آئیں گے تاہم ابھی نواز شریف کی صحت کے مسائل ہیں . میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں الیکشن سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبل ازوقت الیکشن اتحادیوں کی مشاورت کے ساتھ کروایا جائے گا جب کہ الیکشن کمیشن نے بھی ملک میں عام انتخابات کروانے کے لیے 6 سے 7 ماہ تک کا وقت مانگا ہے .


قبل ازیں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا تھا کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا ، اس حوالے سےعدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی سپریم کورٹ بار کی درخواست پر لارجر بنچ بننے کی امید ہے .

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نواز شریف کی سزا معطلی پر غورکرنے لگی ، اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب حکومت کے پاس کسی کی بھی سزا کو ختم ، کم یا معطل کرنے کا اختیار ہے ، مریم نواز اس وقت عوامی رابطہ مہم کی قیادت کریں گی جب کہ نواز شریف کو آئندہ انتخابی مہم کی قیادت کرنی چاہیے جس کے لیے وفاق اور پنجاب حکومت کے پاس کسی کی بھی سزا کو ختم ، کم یا معطل کرنے کا اختیار ہے .

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو پاسپورٹ جاری کر دیا گیا، نواز شریف کو جاری کئے گئے پاسپورٹ کی مدت 10سال ہے، نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا، نواز شریف کو عام پاسپورٹ جاری کیا گیا ، جس کے بعد اب نوازشریف کسی بھی وقت پاکستان آ سکتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں