امریکا پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کے لیے تیار

نیویارک(قدرت روزنامہ) امریکا پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے . جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی معیشت کی تعمیر نو کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی .

ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات کی بھی تصدیق کی .
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقہ پر دو طرفہ طور کام جاری رکھے گا . ان کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے . خیال رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دبئی سے نیویارک پہنچ گئے، وہ کمرشل فلائٹ سے نیو یارک پہنچے .

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نائب مستقل مندوب، سفیر عامر خان، قونصل جنرل نیو یارک، محترمہ عائشہ علی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا . . وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 18 مئی کو اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے "گلوبل فوڈ سیکیورٹی کال ٹو ایکشن" وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ گئے .
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے انہیں اس دورے کی دعوت دی ہے . دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزارتی اجلاس میں مختلف خطوں سے ایسے ممالک شریک ہوں گے جو خوراک کے عدم تحفظ کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور وہ جو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی پوزیشن میں ہیں . اجلاس میں وزراء انسانی ضروریات اور زندگیوں کو بچانے اور پائیدار مستقبل کے لئے درکار طویل مدتی ترقیاتی کوششوں پر اظہار خیال کریں گے . وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 19 مئی کو "بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی - تنازعات اور خوراک کی حفاظت" پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مباحثے میں بھی شرکت کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں