جنگل میں آگ لگا کر ویڈیوز بنانے کا معاملہ، ٹک ٹاک کا موقف بھی سامنے آ گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) معروف ایپ ٹک ٹاک نے بھی ٹک ٹاکرز کی جانب سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگا کر ویڈیو بنانے کے واقعت پر بیان جاری کیا ہے . سماء نیوز کے مطابق ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ خطرناک مواد یا غیر قانونی رویے کی تشہیر پلیٹ فارم کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے .

مذکورہ ویڈیو کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے .
پلیٹ فارم پر غیر قانونی اور خطرناک سرگرمیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے . بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم ہر کسی کو اپنے رویے میں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتے ہیں . قبل ازیں ٹک ٹاکر ڈولی نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے الزام پر وضاحت جاری کی . انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کی اور دعویٰ کیا کہ یہ مقام نیشنل پارک نہیں ہے بلکہ موٹروے کے قریب کا ایک علاقہ ہے، ہم جب یہاں آئے تو پہلے سے ہی آگ لگی ہوئی تھی .

ٹاکر نے اپنی ویڈیو میں ایک مقامی شخص سے بھی بات کی جس نے بتایا کہ سانپوں کو مارنے کیلئے آگ لگائی، جس پر ٹک ٹاکر ڈولی نے اپنے ساتھی کو کہا کہ یہاں سانپ نکل آتے ہیں اس لیے یہاں سے فوری نکلو . انہوں نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں مزید کہا کہ انہیں انصاف کی توقع ہے . . ڈولی نامی ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ کوہسار میں سی ڈی اے کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا .
مقدمہ تھانہ کوہسار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات سی ڈی اے کی مدعیت میں درج کیا گیا . مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ڈولی نامی ٹک ٹاکر کی ویڈیو گردش کررہی ہے ، جس میں خاتون جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروارہی ہے ، مبینہ طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا علاقہ ہے جہاں آتشزدگی کے متعدد واقعات ہوئے اور آگ سے چرند پرند پودوں اور درختوں وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا .
گزشتہ روز انکشاف ہوا تھا کہ مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے میں ٹک ٹاکرز کا ہاتھ ہے ، اس حوالے سے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی جس میں ٹک ٹاکرز کو لائیٹر سے آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک اور ویڈیو میں معروف خاتون ٹک ٹاکر بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتی نظر آ رہی ہیں . سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا مظاہرہ کیا گیا اور متعلقہ حکام سے مذکورہ ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ، صارفین نے ٹک ٹاکرز کو سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں .

اس سے قبل ایبٹ آباد میں محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف ایبٹ آباد ریجن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو آگ لگانے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا ، اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو ہی آگ لگا دی ، نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا .

اور جب مذکورہ ویڈیو منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف حرکت میں آیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کو گرفتار کر لیا ، محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں