دعا زہرہ کی مرضی کے بغیر میڈیکل کروانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا

لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور کی مقامی عدالت نے کراچی کی دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل کی درخواست مسترد کر دی . دعا زہرہ کے میڈیکل کے لیے درخواست کراچی کے تفتیشی افسر نے مجسٹریٹ کے روبرو کی .

مجسٹریٹ نے قرار دیا کہ دعا زہرہ کی مرضی کے بغیر میڈیکل کروانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا،عدالت نے قرار دیا کہ کسی بھی لڑکی کے میڈیکل کا حکم اس کی اجازت کے بعد ہی دیا جا سکتا ہے،دعا زہرہ کمرہ عدالت میں موجود نہیں، تفتیشی افسر نے درخواست مناسب جواز کے بغیر دائر کی اس لیے خارج کی جاتی ہے .
عدالت نے دعا زہرہ کے والد کے خلاف کارروائی کے لیے دائر استغاثہ عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیا . عدالت نے قرار دیا کہ بار بار کیس کی آواز دینے کے باجود کوئی پیش نہیں ہوا .

قبل ازیں کراچی سے لاہور جا کر نکاح کرنے والی دعا زہرہ نے کہا ہے کہ کراچی میں مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے . دعا زہرہ نے اپنے نئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے اپنی مرضی سے نکاح کیا تھا، ملک کا قانون مجھیاجازت دیتا ہے جہاں چاہوں جاسکتی ہوں .

انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی پولیس مجھے اور میرے شوہر کو ہراساں کر رہی ہے، سندھ پولیس مجھے اور میرے شوہر کو اغوا کرکے کراچی لے جانا چاہتی ہے . دعا زہرہ نے کہا کہ ہمیں کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار سندھ، پنجاب پولیس اور میرے ماں باپ ہوں گے . انہوں نے کہا کہ میرے والدین کو میری پسند کی شادی کا پہلے سے پتا تھا، اپنے سسرال میں خوش ہوں، ہمیں سکون کی زندگی جینے دیا جائے .
واضح رہے کہ دعا زہرہ کے والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے . دعا زہرہ کے والد کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ او الفلاح اور تفتیشی افسر کو دعا زہرہ کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے . درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تفتیشی افسر دعا زہرا کو ظہیر احمد سے بازیاب کراکے عدالت میں پیش کریں .

. .

متعلقہ خبریں