نیویارک، پی ٹی آئی کارکنوں کا پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سے تلخ کلامی

نیویارک (قدرت روزنامہ)پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ کے موقع  تحریک انصاف کے کارکنوں نے پاکستانی قونصلیٹ نیویارک کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا. مظاہرے میں درجنوں افراد شامل تھے. مظاہرین نے پی ٹی آئی کے پرچم اٹھا رکھے تھے. وہ پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے. اس موقع پر  مسلم لیگ یوتھ ونگ امریکہ کے آرگنائزر راجہ رزاق بھی آ گئے اور انہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف جوابی نعرے لگانے شروع کر دئیے.

جس پر پی ٹی آئی کے چند کارکنوں اور راجہ رزاق کے درمیان بدمزگی پیدا ہو گئی. آپس میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا. پی ٹی آئی کے کارکنوں نے راجہ رزاق کو دھکے دئیے. جس پر نیویارک پولیس نے درمیان میں آ کر بیچ بچاؤ کرایا. اور مظاہرین کو الگ کر کے پرامن رہنے کی ہدایت کی. مظاہرے کے وقت بلاول بھٹو زرداری نیویارک قونصلیٹ میں موجود نہیں تھے. دونوں جماعتوں نے نیویارک سٹی سے قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ کرنے کے اجازت نامے لے رکھے تھے. 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ یو ایس اے کے آرگنائزر راجہ رزاق کا کہنا تھا کہ "پی ٹی آئی کے وزراء ماضی میں امریکہ میں آتے تھے، تو ہم نے ان کی حکومت کے خلاف کبھی نیویارک یا کسی اور شہر میں مظاہرہ نہیں کیا. تاکہ بیرون ملک پاکستان کی بدنامی نہ ہو. مگر پی ٹی آئی نے آج بلاول بھٹو اور حکومت کے خلاف مظاہرہ کر کے انتہائی بے شرمی کا مظاہرہ کیا ہے. اور وہ پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنے ہیں. جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما امجد نواز صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرپٹ حکومت کا وزیر خارجہ یہاں آیا ہوا ہے. امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس امپورٹیڈ حکومت کے خلاف پر امن مظاہرہ کر کے اپنا جمہوری حق استعمال کیا ہے.

. .

متعلقہ خبریں