خواہش ہے کہ ڈالر میرا 210 کا ریکارڈ نا ہی توڑے : فخر زمان

لاہور (قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈالر ان کا بہترین ون ڈے اننگز کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے گا . لاہور میں پی سی بی کے زیر اہتمام کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ ’امید ہے کہ ڈالر میرا ریکارڈ نہیں توڑ پائے گا‘ .

واضح رہے کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 40 پیسے اضافہ ہوا ہے اور وہ 200 روپے 40 پیسے کا ہوگیا ہے . یاد رہے کہ اس سے قبل سینئر صحافی اور کالم نگار ارشاد بھٹی کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ڈالر کی بے لگام قیمت کے حوالے سے اور شہباز شریف حکومت کی معاشی کارکردگی پر طنز کیا گیا .

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ "لندن سے تازہ تازہ پاکستان پہنچی اپنی اہل اور لائق حکومت کو بتانا ہے کہ ڈالر اوپن مارکیٹ میں سعید انور کے 194 رنز کا ریکارڈ توڑنے کے بعد اب فخر زمان کے 209 رنز کی طرف بڑھ رہا ہے اور بظاہر فخرزمان کا ریکارڈ بھی خطرے میں لگ رہا ہے، روک سکو تو روک لو" .

سینئر صحافی ارشد شریف نے بھی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف حکومت کی معاشی پالیسیوں اور کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا . انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا تھا کہ شہباز شریف ایک برینڈ ہے، بیانیہ بنایا گیا کہ شہباز سپیڈ کام کر کے دکھائے گی . ارشد شریف نے کہا کہ ایک مہینے میں ڈالر 11 روپے مہنگا ہو گیا، قرضوں میں 1500 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا، سٹاک مارکیٹ 3400 سے زائد پوائنٹس گر گئی، قومی خزانے سے 4 ارب ڈالرز سے زائد غائب ہو گئے، یہ ہے شہباز سپیڈ! .

. .

متعلقہ خبریں