شیرانی کے جنگلات میں آگ ٗ جسٹس جمال خان مندوخیل کی چیف جسٹس سے از خودنوٹس کی درخواست

اسلام آباد ٗ ڈیرہ اسماعیل خان(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر از خود نوٹس لینے کی درخواست کردی . جسٹس جمال خان نے چیف جسٹس کو یہ درخواست کوئٹہ رجسٹری میں ضلع شیرانی کے وکلاء کی جانب سے آگ کے حوالے سے دائر کیس کی سماعت کے دوران دی .

جسٹس جمال خان مندوخیل کے مطابق شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے اقدامات اور وسائل نا کافی ہیں، چیف جسٹس ازخود نوٹس لے کر حکومت کو آگ سے پیدا سنگین چیلنج سے

مؤثر طور پر نمٹنے کی ہدایت دیں . جسٹس جمال خان مندوخیل کی جانب سے ازخود نوٹس کی تحریری درخواست چیف جسٹس کو کوئٹہ سے اسلام آباد ارسال کر دی گئی ہے . دوسری جانب ڈی آئی خان کے علاقے مغل کوٹ کے جنگلات میں 9 مئی کی رات لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا جس کے باعث آگ بلوچستان کے سرحدی علاقے منڑہ اور سْرلکئی تک پہنچ گئی . محکمہ جنگلات کے مطابق آگ پھیل کر بلوچستان کے سرحدی علاقوں تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث درزندہ اڈے پر مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے . محکمہ جنگلات کے مطابق آگ آسمانی بجلی گرنے یا مقامی طور پر آباد خانہ بدوشوں کی غفلت سے لگی ، خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے ،آگ سے چلغوزے اور زیتون کے درختوں سمیت جنگلی حیات کو نقصان پہنچا . اسسٹنٹ کمشنر گلفام شاہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے آبادی کونکال لیا گیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں