پشاور؛ گھر کے باہر بارودی مواد کا دھماکہ‘ خاتون سمیت 2 افراد زخمی

پشاور (قدرت روزنامہ) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گھر کے باہر بارودی مواد کے دھماکے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے . پولیس کے مطابق یہ واقعہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں پیش آیا جہاں اے این پی کے کسان کونسلر کے گھر کے باہر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ، جنہین ہسپتال منتقل کردیا .


بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں 400 گرام بارود مواد استعمال کیا گیا جس کی مدد سے کیے گئے دھماکے سے گھر کے گیٹ کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ، پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے مزید تحقیقات شروع کردیں . دوسری طرف کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں صدر دھماکے کا مرکزی ملزم ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا ، حساس اداروں کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد موقع سے فرار ہوگیا، انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت اللّٰہ ڈنو اور نواب کے نام سے ہوئی ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے ، دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والے بیگ میں دھماکا خیز مواد تھا، اس لیے بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا جب کہ ہلاک دہشتگردوں کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے .

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے صدر اور کھارادر میں دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ، دھماکوں سے متعلق قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تجزیاتی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے تھے ، کراچی بم دھماکے کی وجہ سے ایئر پورٹ پر سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا . کراچی میں ہونے والے خودکش سمیت تینوں بم دھماکوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، کراچی کے علاقے صدر اور کھارادر کی بولٹن مارکیٹ دھماکوں میں تین دہشتگرد گروہوں نے ایک دوسرے کی معاونت کی، رپورٹ کے مطابق متحدہ لندن کے سلیپر سیل سے مبینہ طور پر علاقے کی ریکی کا کام لیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں