بھارت کی جانب سے محسن انسانیتؐ کی شان میں گستاخی قابل مذمت ہے، ضیاء لانگو

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے بی جے پی کے رہنما کی جانب سے محسن انسانیتؐ، سرور کونین رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی پر بھر پور الفاظ میں مذمت کی ہے . مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے اپنے بیان میں انتہائی رنجیدہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماء کے بیان پر آج پوری امت کا دل اس غم سے خالی نہیں کہ ان کے عظیم پیغمبر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرکے اپنی مذہبی انتہا پسندی اور غلط ذہنیت کی عکاسی کی ہے .

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ سکھ اور عیسائی بھی ہندو توا کے ظلم کا شکار ہیں جب سے مودی سرکار کی حکومت آئی ہے، مسلمانوں کیخلاف نفرتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور آئے روز ان پر قیامت برپا کی جاتی ہے . جنونی انتہا پسندوں سے مسلمان کے علاوہ دیگر مذاہب کے افراد بھی غیر محفوظ ہیں . انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لیں . انہوں نے مزید کہا کہ شان رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی کرنے پر اربوں مسلمانوں کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے . انہوں نے کہا کہ ہمارا تن من دھن نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان ہیں اگر گستاخیوں کا سلسلہ نہ روکا گیا تو عالمی سطح پر نفرتوں میں اضافہ ہوگا . انہوں عالمی دنیا اور اسلامی ممالک سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ان نا زیبا حرکتوں پر ان کامکمل بائیکاٹ کریں .

. .
Ad
متعلقہ خبریں