نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آپؐ کی تشکیل دی ہوئی قوم نے دنیا کی امامت کی، عمران خان

کراچی(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے اصولوں پر جو بھی قوم چلے گی وہ ترقی اور کامیابی سے ہمکنار ہو گی . منی لانڈرنگ روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر ڈالر ملک سے باہر نہ جائیں، غریب ممالک کا مسئلہ ہے کہ ان کے کرپٹ حکمران پیسہ باہر بھیجتے ہیں .

پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم سے کم ہو گیاہے لیکن معیشت کی ترقی سے اس پر دبائو بڑھ رہا ہے، ہمیں برآمدات بڑھانے، منی لانڈرنگ روکنے پر توجہ دینی ہے ، بیرون ملک پاکستانی بینکنگ چینل سے اپنی رقوم بھیجیں، ہم خود انحصاری کے راستے پر گامزن ہو گئے ہیں، شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی تنصیب سے جہازرانی کی صنعت ترقی کرے گی اور معیشت کو فائدہ ہو گا . ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزرا اسد عمر، زبیدہ جلال، علی زیدی بھی موجود تھے . وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں . پاکستان 50 سال پہلے ترقی کے جس سفر پر گامزن تھا بدقسمتی سے بعد کے سالوں میں وہ برقرار نہ رکھ سکا اور ہم نے اپنے پائوں پر کھڑے ہونے ، خودانحصاری اور آگے بڑھنے کی بجائے دوسرے پر انحصار شروع کردیا . ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا اور سہارے تلاش کر لئے . وزیراعظم نے کہاکہ جو قومیں مزاحمت نہیں کرتیں وہ کبھی بھی اپنے پائوں پر کھڑی نہیں ہو سکتیں . ریاست مدینہ کے اصولوں پر جو بھی قوم چلے گی وہ ترقی اور کامیابی سے ہمکنار ہو گی . نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے . آپ ﷺ نے غیر ملکی سربراہان کو خطوط لکھے تو ان سے امداد نہیں مانگی بلکہ انہیں اللہ کاپیغام پہنچایا اور خود دار قوم کھڑی کرکے انسانی تاریخ کادھارا بدل دیا . آپ ﷺ کی تشکیل دی ہوئی قوم نے دنیا کی امامت کی . وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک بار پھر اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کی کوشش کررہے ہیں . کراچی شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے نظام کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا پیسہ بچے گا جو کام پہلے ہمیں دوسرے ممالک سے کرانا پڑتا تھا اب وہ یہاں پرہو گا . اس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی یہ سہولیات فراہم کریں گے . وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو چکی ہے . کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم سے کم ہو گیاہے . اب چیلنج یہ ہے کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہو گی کرنٹ اکائونٹ پر دبائو بڑھے گا . وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس منصوبے سے پاکستان ڈالر کمائے گا . انہوں نے کہاکہ حکومت برآمدات بڑھانے اور منی لانڈرنگ روکنے پرتوجہ دے رہی ہے . انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں پرزور دیا کہ اپنی ترسیلات بینکنگ چینل سے بھیجیں . انہوں نے کہا کہ ماضی میں صاحب اقتدار لوگ پیسے چوری کر کے باہر بھیجتے تھے ہم نے اس سلسلہ کو روکنا ہے اور خود انحصاری پر توجہ دینی ہے اور ہم اس راستے پر گامزن ہو چکے ہیں . . .

متعلقہ خبریں