اداکارہ مشی خان نے عامر لیاقت سے معافی مانگ لی

کراچی(قدرت روزنامہ) اداکارہ مشی خان نے عامر لیاقت سے معافی مانگ لی ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مشی خان کا اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہنا ہے کہ میرے دل پر 2 دن سے بوجھ ہے، مجھے ان کی وفات پر بہت دکھ اور افسوس ہے، میں بہت شرمندہ ہوں اور ساتھ ہی معذرت بھی کرنا چاہوں گی، وہ اس دنیا میں نہیں ہیں .

انہوں نے کہا ہے کہ عامر لیاقت کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، اللّہ پاک اُن کے درجات بُلند فرمائے اور گھر والوں کو صبرِ جمیل عطا کرے .
دوسری جانب ایم کیو ایم کی سابق رکن اسمبلی ارم عظیم فاروقی کی جانب سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین کی تصویر ساتھ ایک وائس نوٹ شیئر کیا گیا ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ عامر لیاقت نے ایک صحافی کو آخری وائس نوٹ بھیجا جس کا اختتام انتہائی افسردہ تھا، اللہ پاک عامر لیاقت حسین کی مغفرت فرمائیں .

شیئر کیے گئے وائس نوٹ میں سنا جا سکتا ہے کہ عامر لیاقت حسین بھرّائی ہوئی آواز میں کہہ رہے کہ ’سن تو سبھی لیتے ہیں تاہم آپ تو کم از کم سمجھتے ہیں، اسی لیے میں جب یہاں سے جا رہا ہوں تو دل بہت دکھا ہوا ہے کیونکہ ہمارے والدین ہجرت کر کے یہیں رہنے کے لیے آئے تھے، یہ (پاکستان) ہر وقت عزیز رہے گا،مجھے یہ وطن ہمیشہ عزیز رہے گا .

عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ میں چاہے دنیا میں کہیں پر بھی ہوں، دل پر لکھا ہے پاکستان، میرا تو خون بھی شاید سبز ہو گا لیکن میں بہت زیادہ دکھی ہوں، مجھے سب نے استعمال کیا . عامر لیاقت نے مزید کہا کہ آؤں گا تو کبھی نہیں واپس پلٹ کرلیکن آپ دیکھیں گے مجھے، میرا رنگ جو میں نے یہاں چھپا رکھا اور لوگ وہ نہیں دیکھ سکے، لوگ تڑپیں گے لیکن میں یہاں واپس نہیں آؤں گا .

. عامر لیاقت کی آواز سے واضح ہے کہ وہ بہت زیادہ دکھی تھے . خیال رہے کہ عامر لیاقت جمعرات کے روز اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی . ملازمین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہو رہی تھی انہیں اسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا . عامر لیاقت زندگی کے آخری دنوں میں شدید پریشانی کا شکار رہے تھے .

. .

متعلقہ خبریں