ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) ایران میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کیے گئے . خلیجی میڈیا کے مطابق یو اے ای کے موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ بدھ کے روز متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 6 منٹ پر جنوبی ایران میں ریکٹر اسکیل پر 5.9 کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کی وجہ سے ہونے والی زمین کی لرزش دبئی سمیت خلیج عرب کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کی گئی ، جسے یو اے ای کے رہائشیوں نے بھی محسوس کیا .
ادھر امریکی جیولوجیکل سروے نے کہا ہے کہ زلزلے کے دو جھٹکے آئے ، پہلے 4.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد آبنائے ہرمز کے قریب جزیرے سے 5.9 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، ایران نے زلزلے سے فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں دی .
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق حکام نے امدادی ٹیمیں صوبہ ہرمزگان کے شہر جینہ میں تعینات کر دی ہیں جب کہ ابتدائی طور پر کسی قسم کے مالی اور جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ، جینہ دارالحکومت تہران سے تقریباً 1,080 کلومیٹر (670 میل) جنوب میں ہے .
خیال رہے کہ ایران میں اوسطاً ایک دن میں ایک زلزلہ آتا ہے جہاں 2003ء میں 6.6 شدت کے زلزلے نے تاریخی شہر بام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ، جس میں 26,000 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 2017 میں مغربی ایران میں آنے والے 7 شدت کے زلزلے میں 600 سے زائد افراد ہلاک اور 9000 سے زائد زخمی ہوئے تھے .
. .