اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تگڑا شو کرنے والا ہوں لیکن ابھی نہیں بتاؤں گا کہ کیا کرنے والا ہوں .
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے پہلے دو سال بہت مشکل تھے، دوست ممالک مدد نہیں کرتے تو پاکستان کا دیوالیہ نکل جاتا .
انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو پاکستان کے سفیر کو کہا گیا عمران خان روس کیوں گیا؟، امریکی سفارت خانہ لوگوں کو بلا بلا کر میٹنگ کر رہا تھا .
ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے کہا گیا عدم اعتماد کی ووٹنگ ہوگی تو مجھے آئینی طور پر قبول کرلینی چاہیے تھی . عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اسٹینڈ نہیں لیتی تو کوئی وزیراعظم آزاد خارجہ پالیسی نہیں چلا سکے گا . پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ مداخلت ہوئی، مداخلت ہوئی تو کیا اس مراسلے پر تحقیقات نہیں ہونی چاہیے تھی؟ .
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول ڈیزل کی قیمت بڑھائی گئی اس سے ساری معیشت پر اثر پڑے گا، پیٹرول کی جو قیمت بڑھائی اس سے 30 فیصد مہنگائی بڑھے گی، تنخواہ دار طبقہ اس مہنگائی میں کیسے گزارا کرے گا . خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ بلے اب دودھ کی حفاظت کریں گے، نیب اور ایف آئی اے پر شہباز شریف بیٹھ گئے، یہ آئے انہیں نہ کوئی اندازہ تھا کہ کیا کرنا ہے، احمقانہ بیانات دیے جس کی وجہ سے مارکیٹ ڈر گئی .