اسلام آبا د(قدرت روزنامہ) ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آج آخری روز ہے . اجلاس کے اختتام پر آج ممالک کے گرے لسٹ سے متعلق اسٹیٹس کا اعلان ہو گا .
جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات ہیں کہ اس بار معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا . انہوں نے کہا کہ معاملات پاکستان کے حق میں جاتے دیکھائی دیتے ہیں، اجلاس میں دیگر ممالک کی رضامندی اور تسلی بھی معنی خیز ہوتی ہے .
پاکستان گرے لسٹ سے نکلتا ہے تو بھی معاملات طے ہونے میں 7 سے 8 ماہ لگ سکتے ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے پر فیٹف ٹیم جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی . قبل ازیں دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں .
دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس کیلئے متعلقہ امور کی نگرانی وزارت خارجہ کے سپرد کردی گئی ہے، جس کے بعد وزارت خارجہ نے اس حوالے سے محتاط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے .
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیٹف کا 4 روزہ اجلاس 13 سے 17 جون تک برلن میں ہوگا، جس میں پاکستان سے متعلقہ امور 15 اور 16 جون کو پلینری سیشن میں زیر غور آئینگے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے حنا ربانی کھر وفد کے ہمراہ برلن جائیں گی . ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے پاکستان کیلئے اچھی خبر سامنے آنے کا امکان ہے، پاکستان نے گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں واپسی کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں .
خیال رہے کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے گزشتہ اجلاس میں پاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اجلاس میں پاکستان کو جون تک اہداف حاصل کرنے کا وقت دیا گیا ہے . ایف اے ٹی ایف کے مطابق 27 میں سے 26 نکات پر پاکستان نے کام کر لیا ہے .