تحریک انصاف نے لانگ مارچ میں جاں بحق کارکن کے اہل خانہ کو 90 لاکھ کا امدادی چیک دے دیا

 

مردان، لاہور(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف نے لانگ مارچ میں جاں بحق کارکن کے اہل خانہ کو 90 لاکھ کا امدادی چیک دے دیا،صوبائی وزیر عاطف خان نے متاثرہ خاندان کو چیک دینے کی تصدیق کی اور کہا کہ پہلے بھی پچیس لاکھ کی مالی معاونت کی جا چکی ہے،

ان کا کہنا تھا کہ مرحوم احمد جان کے بچوں کی کفالت کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا جس کو پورا کیا جائے گا . دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنمامسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ ہمارے خلاف بھاٹی گیٹ میں دہشتگردی کاایک اورمقدمہ درج کرادیا گیا ہے، عوام اپنے خون پسینے کے ٹیکسز سے انتظامیہ اورپولیس افسران کو تنخواہیں دیتے ہیں اس لئے انہیں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی بجائے آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے چاہئیں .

عبوری ضمانت کے لئے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت اور جبر کی سیاہ رات کٹ ہی جانی ہے،جو افسران اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں انہیں اپنے کئے پر جوابدہ ہونا پڑے گا . انہوں نے کہا کہ مقدمات کے خوف سے ایک ادنیٰ کارکن بھی جماعت سے الگ نہیں ہوا، ہر سطح کی قیادت، رہنما اور کارکنان عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے تھے ہیں اور رہیں گے . انہوں نے کہا کہ شہباز گردی اور حمزہ گردی سے ہمارے حوصلے ہرگز پست نہیں ہوں گے بلکہ حالیہ مہینوں میں تحریک انصاف پہلے سے زیادہ متحد او رمضبوط ہوئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں