شان مسعود اور یاسر شاہ کی دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان ٹیم میں شمولیت متوقع

لاہور(قدرت روزنامہ) دورہ سری لنکا کے لیے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی مردوں کی ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے . پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اگلے ماہ دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان ٹیم میں شان مسعود اور یاسر شاہ کی واپسی ہوسکتی ہے .

تفصیلات کے مطابق منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ راولپنڈی میں ہوگا، کھلاڑی 25 جون کو راولپنڈی رپورٹ کریں گے جب کہ کیمپ کا آغاز اگلے روز سے ہوگا .

سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، کیمپ میں انگلش کائونٹی میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شان مسعود کو شامل کیا جاسکتا ہے، وہ اس سے قبل آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کا بھی حصہ تھے لیکن تینوں میچزمیں بینچ تک محدود رہے تھے، انہیں مڈل آرڈر میں کھلانے کی تجویز ہے .

ٹیم میں وہی پلیئرز شریک ہونگے جنہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کھیلی تھی لیکن سپن ڈیپارٹمنٹ میں ناکامی کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کیس مضبوط بن رہا ہے .

سری لنکا کی فرینڈلی پچز پر وہ موثر ہوسکتے ہیں . دریں اثناء سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کی صحیح تاریخوں کا تعین ہونا باقی ہے . واضح رہے کہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز بھی اس دورے کا حصہ تھی تاہم اسے منسوخ کردیا گیا تھا کیونکہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ون ڈے کو ہٹانے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ مقررہ وقت سے ایک ہفتہ پہلے لنکا پریمیئر لیگ منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں