راولپنڈی (قدرت روزنامہ)صوبہ بلوچستان کےعلاقے مکران میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا .
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کسی کو بھی بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی . گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں فوجی جوان نائیک زاہد احمد شہید ہوگئے ، اس دوران ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا جس کی شناخت ضیاء اللہ کے نام سے ہوئی ، دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا .
خیال رہے کہ پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے ، رواں سال جنوری میں سکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں 2 دہشتگردوں کو گرفتار اور ایک کو جہنم واصل کیا تھا ، تینوں دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا . آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار اور ایک کو جہنم واصل کیا گیا ، ہلاک دہشتگرد کی شناخت زاہد عرف کرچی کے نام سے ہوئی ، تینوں دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا ، تینوں دہشتگرد میران شاہ کے رہائشی نہیں تھے ، تینوں دہشتگردوں کو ایک گھر میں پناہ دی گئی تھی .
. .