وسیم اکرم کی 12 سال بعد وکٹ حاصل کرنے کی ویڈیو وائرل

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے اتوار کو انگلینڈ میں کھیلے گئے چیریٹی میچ میں اپنے پرانے کھیل کے دنوں کو زندہ کیا . 56 سالہ وسیم اکرم جنہوں نے آخری بار 2015ء میں کرکٹ میچ کھیلا تھا، اتوار کو عظیم آسٹریلین آنجہانی لیگ سپنر شین وارن کی یاد میں ویل بیئنگ آف ویمن سیلیبریٹی چیریٹی میچ میں میدان میں اترے .


وسیم اکرم کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی برائن لارا، انگلینڈ کی سابق خواتین کپتان شارلٹ ایڈورڈز، این بیل، مونٹی پنیسر، مائیکل ایتھرٹن، نیل جانسن، انگلش کمنٹیٹر مارک نکولس اس چیریٹی میچ میں شریک ہوئے، 1975ء اور 1979ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے .

سابق انگلش کپتان اور اوپننگ بلے باز مائیک ایتھرٹن کو باؤلنگ کے دوران ان سوئنگ یارکر پر بولڈ کرکے وسیم اکرم نے شائقین کو پرانے دنوں کی یاد دلائی .

کرکٹ ڈسٹرکٹ نے وسیم اکرم کی باولنگ کی ویڈیو اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ ایک کلاسک وسیم اکرم کا ان سوئنگ یارکر مائیکل ایتھرٹن کے لیے بہت اچھا ہے‘‘ .

بعد ازاں سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا . انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’معذرت، مائیک آتھرٹن، ہماری عمر بڑھ سکتی ہے لیکن کچھ چیزیں جوں کی توں رہیں گی‘‘ .

وسیم اکرم نے 4 اوورز میں 3 شکار کیئے اور شائقین سے خوب داد وصول کی .

بلے بازی میں بھی وسیم اکرم نے خوب رنگ جمایا اور 20 گیندوں پر نصف سنچری جڑ ڈالی . وسیم اکرم نے 1984ء سے 2003ء کے دوران 104 میچوں میں 23.62 کی اوسط سے 414 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جبکہ 356 میچوں میں 23.52 کی اوسط سے 502 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں جو کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں مرلی دھرن کے بعد کسی بھی باولر کی جانب سے لی جانے والی دوسری سب سے زیادہ وکٹیں ہیں .

. .

متعلقہ خبریں