کراچی(قدرت روزنامہ) ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشیں جاری ہیں،جس سے پانی کی صورتحال بہتر ہونے لگی ہے . تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے .
چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 154642 کیوسک ہو گئی . چشمہ بیراج ذرائع نے بتایا کہ ایک دن میں 20 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دریا میں پانی کا لیول 639 اعشاریہ 30 فٹ ہو گیا .
ذرائع کے مطابق چشمہ بیراج سے ملحقہ تمام جھیلیں پانی سے بھر گئیں اور بیراج کے 52 میں سے 50 سپل ویز کھل گئے . دوسری جانب حالیہ مون سون کی بارشوں سے دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہونی لگی . کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج کے مقام پانی کی آمد 71819 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج 61683 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے .
گزشتہ ایک ہفتہ میں پانی کی سطح میں 16 ہزار کیوسک سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، 24 گھنٹے کے دوران پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کا امکان ہے .
کنٹرول روم کے مطابق اب بھی گڈو بیراج کے مقام پر پانی کا شارٹ فال 40 پرسنٹ برقرار ہے . دوسری جانب تربیلا منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 76 ہزار ایکٹر فٹ تک پہنچ گیا ہے . بارشوں سے قبل پانی کا ذخیرہ صرف 77 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا تھا . ارسا حکام کے مطابق تینوں بڑے ذخائر میں پانی کے ذخیرہ میں 1 لاکھ ایکٹر فٹ پانی کا اضافہ ہوا ہے . تربیلا میں 28 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا میں 1 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں 14 ہزار ایکٹر فٹ ہے . حکام کے مطابق بارشوں کے موجودہ اسپیل سے پانی بحران میں مزید بہتری کی امید ہے . صوبوں کیلئے پانی بحران میں بتدریج بہتری کا امکان ہے . واضح رہے کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگئی ہے .
. .