انگلش کاونٹی کرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو جو سہولیات میسر ہیں پاکستان میں اسکا 30 فیصد بھی نہیں ملتیں: نسیم شاہ

لاہور(قدرت روزنامہ) فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کو یادگار تجربہ قرار دے دیا . نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ان کنڈیشنز میں کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کرکٹ پاکستان انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان پیسر نے اس یقین اور عزم کا اظہار کیا کہ کاونٹی کے تجربے سے انٹرنیشنل میچوں میں پرفارمنس کا گراف پہلے سے اب زیادہ ہوگا .


دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کے مطابق کاؤنٹی کرکٹ کے دوران زندگی میں پہلے سے زیادہ ڈسپلن آجاتا ہے، وقت کی پابندی کے ساتھ یہ بھی سیکھا ہے کہ اکیلے فلیٹ میں رہتے ہوئے آگے کیسے بڑھنا ہے . نسیم شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاؤنٹی کرکٹ جیسا زبردست ماحول پہلے کبھی نہیں دیکھا، یہاں کے گراؤنڈ، آؤٹ فیلڈ بہت شاندار ہیں، ایسی کنڈیشنز ایک فاسٹ بولر کے لیے آئیڈیل ہوتی ہیں، بولنگ کرتے ہوئے انسان بہت انجوائے کرتا ہے، میں نے اپنی کرکٹ پہاڑوں اور ناہموار زمین پر کھیلنا شروع کی، انگلینڈ میں رہنے والے نوجوان خوش قسمت ہیں کہ انھیں کم عمری میں ہمارے جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، وہ بہترین سہولیات میں اپنی کرکٹ کا آغاز کرتے ہیں، پاکستانی جتنے محنتی اور باصلاحیت ہیں، انھیں انگلینڈ جیسی سہولیات، ماحول اور پچز پاکستان میں بھی میسر ہوں تو ہماری کرکٹ بہت اوپر جاسکتی ہے، مجھے فخر ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر خود کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملا ہے .

واضح رہے کہ نسیم شاہ ابھی تک صرف ٹیسٹ میچز میں ہی پاکستان کی نمائندگی کرسکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں تو ہر فارمیٹ میں کھیلنیکا خواہشمند ہوں، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز جہاں بہتر خیال کرتے ہیں، وہ مجھے استعمال کرتے ہیں، میرا کام پرفارم کرنااور وہ میں جب بھی موقع ملتا ہے پہلے سے زیادہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں . نسیم شاہ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہوم سیریز کھیل کر ہمیشہ بہت اچھا لگتا ہے، اسٹیو اسمتھ کے خلاف بولنگ کرنے کا مزہ آیا، انھیں آوٹ کرنا یادگار لمحات میں سے ایک ہے .
لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے نسیم نے واضح کیا کہ رفتار سے زیادہ لائن و لینتھ کی اہمیت ہوتی ہے، اگر آپ 150 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کریں مگر لائن ولینتھ درست نہ ہو تو وہ ہی بال باؤنڈری کے باہر بھی جاسکتی ہے، میں اپنی لائن کو بہتر بنانے کے ساتھ رفتار کو بھی بڑھانے پر توجہ دے رہا ہوں، اچھی رفتار کے ساتھ ورائٹیز میں بھی مہارت ہوتو کامیابی ملتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں