خلع کا کیس کرنے پر وکیل نے بیوی سمیت سسرالیوں پر فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی

کراچی (قدرت روزنامہ) شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں داماد وکیل نے خلع کا کیس کرنے پر اہلیہ اور سسرالیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی . ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک 14 میں گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے .

اہل علاقہ کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا .
ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ خلع کے مقدمہ کی وجہ سے پیش آیا ہے . پولیس کے مطابق 40 سالہ منصور ایڈدوکیٹ نے خلع کے معاملے پر اپنی اہلیہ اور سسرال والوں پر فائرنگ کی اور بعد میں خودکو بھی گولی مار لی . فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کی اہلیہ 22 سالہ شاہزین، ساس 55 سالہ افشاں، 50 سالہ پھوپھو ساس، سسر 65 سالہ سہیل احمد زخمی ہوئے .

منصور ایڈووکیٹ کی اہلیہ نے تشدد سے تنگ آکر خلع کا مقدمہ دائر کیا ہوا تھا، جسے واپس لینے کے لیے ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں . سسرال والوں کی جانب سے ملزم کے خلاف ٹیلی گرافک ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا گیا تھا . مقدمات واپس لینے کے اصرار اور سسرال والوں کے انکار پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا . پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد زخمی ملزم منصور ایڈووکیٹ کا بھائی اسے نجی اسپتال لے کر گیا، جہاں سر اور پیٹ میں گولیاں لگنے کے باعث اس کی حالت تشویش ناک تھی، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا .
پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیاہے کہ فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر پیش آیا،فریقین کے درمیان خلع کا معاملہ چل رہا تھا، فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت منصور ایڈووکیٹ کے نام سے ہوئی ہے جو کہ فیملی کا داماد بتایا جاتا ہے اور وکیل بھی ہے . ملزم منصور کی فائرنگ سے سسر، ساس ، بیوی سمیت چار افراد زخمی ہوئے، سسرالیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی ماری . پولیس کے مطابق سسرسہیل احمد نے داماد ملزم منصور کیخلاف پہلے ہی مقدمہ درج کرارکھاتھا،واقعے کی مزید تفتیش کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے . پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے .

. .

متعلقہ خبریں