ضمنی الیکشن ؛ پرویز الٰہی کی دھاندلی اور پولیس کے استعمال پر سخت عوامی ردعمل کی وارننگ

لاہور (قدرت روزنامہ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے میں ضمنی الیکشن کے دوران دھاندلی اور پولیس کے استعمال پر سخت عوامی ردعمل کی وارننگ دے دی . تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنماء اور سپیکر پنجاب اسمبلی سے ق لیگ راولپنڈی کے صدرزبیر خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ، جس میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پارٹی رہنماء تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مہم چلائیں ، تجربہ کاری کا دعویٰ کرنے والے عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں ، موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ، معشیت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کے لیے تیار رہنے کا کہا جارہا ہے .

انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے روز نیا ٹیکس لگا دیا جاتا ہے، بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دو ر ہوچکی ہیں ، پنجاب کی جعلی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استعمال کر رہی ہے ، 17 جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا .
ادھر مسلم لیگ ق نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے اپنی پارٹی کے رہنماوں کو تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مہم چلانے کی ہدایت کردی . گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے تھے ، تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں جن امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں ان میں صوبائی حلقہ پی پی 07 میں شبیر اعوان ، پی پی 83 حسان اسلم ، پی پی 90 عرفان نیازی، پی پی 97 علی افضل ساہی، پی پی 125میاں محمد اعظم ، پی پی 127 محمد نواز بھروانہ، پی پی 140خرم ورک ، پی پی 158میاں اکرم عثمان ،پی پی 167عاطف چودھری، پی پی 168 نواز اعوان ، پی پی 202 سرور، پی پی 217 زین قریشی، پی پی 224 عامر اقبال شاہ، پی پی 228 عزت جاوید خان، پی پی 272 معظم جتوئی، پی پی 273 یاسر جتوئی، پی پی 282 قیصر عباس، پی پی 288 سیف الدین کھوسہ شامل ہیں .

. .

متعلقہ خبریں