کراچی ؛ ڈوبتے ہوئے دوست کو بچانے کی کوشش میں 4 افراد جاں بحق

کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں کلفٹن کے علاقے میں بے نظیر بھٹو شہید پارک کی جھیل میں نہاتے ہوئے متعدد افراد ڈوب گئے ، جن میں سے 4 کی لاشیں نکال لی گئیں ، بے ہوش ہونے والے 2 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا . تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن چورنگی کے قریب بے نظیر بھٹو شہید پارک کے اندر جھیل میں کئی افراد ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے ڈوب گئے ، اس دوران ایدھی کی بحری خدمات اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے ایک لاش بدھ کی شب ، دوسری جمعرات کی علی الصبح اور تیسری اس کے بعد نکالی ، جمعرات کی دوپہر تک ریسکیو حکام نے چوتھی لاش بھی نکال لی .


بتایا گیا ہے کہ رضاکاروں نے ایک دوسرے کو بچانے کے لیے ڈوبنے والے دیگر 2 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر تشویش ناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا اور دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھی ، جس کے نتیجے میں ڈوبنے والے تمام افراد کو نکال لیا گیا ، جن میں سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ بے ہوشی کی حالت میں نکالے جانے والے دونوں افراد کی حالت خطرے سے باہربتائی گئی ہے .

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 18 سالہ ریاض ، 25 سالہ اللہ داد ولد نیاز ، سیف اللہ اور 18 سالہ حماد کے نام سے ہوئی ، اللہ داد اور سیف اللہ کا آبائی تعلق پشاور سے تھا ، متوفی اللہ داد کی لاش پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ضابطے کی کارروائی کے بعد تدفین کے لیے پشاور لے جانے کی اجازت دیدی جب کہ سیف اللہ کی لاش جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے8 بجے نکال کر جناح ہسپتال منتقل کی گئی .
قبل ازیں واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فوری مدد نہ ملنے پر علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کر دیا ، مظاہرین نے کہا کہ ضرورت کے وقت حکومتی عملہ اور مشینری دستیاب نہیں ہوئی اور انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی مدد نہیں کی گئی ، ایدھی اور پاک بحریہ کے غوطہ خور آئے اور کچھ دیر بعد چلے گئے جس کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والوں کو بچانے کی کوشش کی .

. .

متعلقہ خبریں