اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمات میں عمران خان کی 10 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی . تفصیلات کے مطابق اسلام اباد میں سيشن جج نے سابق وزیر اعظم کی 10 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوري ضمانت منظور کی ہے ، چیئرمین تحریک انصاف کی پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی جب کہ عدالت نے پولیس کو ریکارڈ سمیت آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے .
قبل ازیں پی ٹی ائی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع ہوگئی تھی ، سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کی ہے .
علاوہ ازیں حکومت نے تحریک انصاف کے 17 رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے وارنٹ حاصل کر لیے تھے ، تھانہ گلبرگ پولیس نے عدالت سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کے حصول کی درخواست کی ، لانگ مارچ کے روز توڑپھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے .
بتایا گیا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری کی اجازت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا ، جس پر انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ، تھانہ گلبرگ پولیس کی درخواست پر عدالت نے حماد اظہر، یاسر گیلانی، ندیم بارا، عدیل نواز، شفقت محمود اور میاں محمود الرشید کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ، تھانہ شاہدرہ پولیس نے اعجاز چوہدری، اکرام عثمان، حسان نیاز ، زبیر کے وارنٹ بھی حاصل کر لیے . اسی طرح عدالت کی جانب سے جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ، امتیاز شیخ، عندلیب عباس، مراد راس ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں اسلم اقبال کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے .
. .