پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی ، کاروبار معطل

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے باعث کاروبار معطل کردیا گیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروبار کےدوران100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی اور دوران کاروبار انڈیکس 40 ہزار 663 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا .

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی اس وقت دیکھی گئی جب وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ، ان صنعتوں میں سیمنٹ، شوگر، اسٹیل، آئل اینڈ گیس سیکٹر، ٹیکسٹائل، بینکنگ، فرٹیلائز، سگریٹ، آٹوموبائل اور بیوریجزانڈسٹری سمیت دیگر شامل ہیں ، معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ، ہم نے اپنی ذات اور سیاست کو پاکستان کیلئے قربان کر دیا ، یہ وقت سیاست کو نہیں ریاست کو بچانے کا ہے ، تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہے ، گزشتہ حکومت میں بدترین کرپشن ہوئی ، گزشتہ حکومت کی ناتجربہ کاری اور کرپشن کی وجہ سے معیشت دیوالیہ ہونے جا رہی تھی لیکن ملک اب ان مشکلات سے نکل آئے گا کیوں کہ ہم نے عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لیے اہم فیصلے کیے .

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد ہمارے پاس 2 راستے تھے، ایک الیکشن اصلاحات کر کے انتخابات کی جانب جائیں اور دوسرا راستہ سخت فیصلے کریں اور ڈوبتی معیشت کو سنبھالیں ، ہم نے فیصلہ کیا یہ وقت سیاست بچانے کا نہیں ہے ، پہلا فیصلہ سیاسی ساکھ کو بچا کر عوام کے لیے مشکل پیدا کرتے لیکن ضمیر کی آواز کہتی ہے یہ عوام اور اپنے ساتھ زیادتی ہو گی اور تاریخ معاف نہیں کرے گی ، یہ وقت سیاست کو نہیں ریاست کو بچانے کا ہے .
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کیا کہ سیاست نہیں ریاست بچائیں گے اور پھر ہم نے اپنی ذات اور سیاست کو پاکستان کے لیے قربان کر دیا ، اس لیے ہم نے بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے اور یہ تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہے ، ان فیصلوں سے ملک دیوالیہ پن سے نکل آئے گا اور فیصلوں کا بنیادی مقصد عوام کو مشکل سے نکالنا ہے ، بجٹ میں کیے گئے اعلانات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوچکیں اور اب اگر آئی ایم ایف سے مزید شرائط نہ آئیں تو امید ہے معاہدہ ہو جائے گا ، یقین ہے مشکل وقت سے نکل آئیں گے .

. .
Ad
متعلقہ خبریں