کراچی (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہر جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں . تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، جہاں انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ، اس موقع پر تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، ملکی دفاع مضبوط بنانے پر قوم کو مسلح افواج پرفخرہے .
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پرامن ، بقائے باہمی اور ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں کیوں کہ پر امن ماحول میں ہی ترقی کا حصول ممکن ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہماری افواج جیو اسٹریٹیجک ماحول میں قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیارہیں ، تمام مسلح افواج کسی بھی ملک کی جانب سے جارحیت کا بھر پور جواب دینے کے لیے تیار ہیں .
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحریہ ملکی سمندری دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، پاکستان نیوی ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے والی ایک مضبوط فورس ہے ، قائداعظم پاکستان کو دنیا کے لیے رول ماڈل کے طور پر چاہتے تھے ، قومی ترقی کے تمام منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہے ، غلطی سے سبق سیکھ کر محنت اورلگن سے اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں . خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں ، کراچی آمد پر وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا ، دورے کے دوران وزیرِ اعظم سے کراچی میں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے وفد کی ملاقات ہوگی ، وزیر اعظم آج شہید بے نظیر آباد نواب شاہ بھی جائیں گے جہاں وہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کریں گے .
. .