وزیراعظم نے سپر ٹیکس لگانے کا مقصد غربت کا خاتمہ قرار دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے سپر ٹیکس لگانے کا مقصد غربت کا خاتمہ قرار دے دیا . تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ غربت کے خاتمے کے مقصد سے کیا ، متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پوراکریں ، براہ راست ٹیکس سے حاصل رقم مالی مشکلات سے متاثر افراد پرخرچ ہوگی ، میکرو اکنامک استحکام پہلا قدم ہے، اتحادی حکومت معاشی خود کفالت حاصل کرنا چاہتی ہے، ہماری قومی سلامتی کا معاشی انحصار سے بہت گہراتعلق ہے .


وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادی حکومت کے اقتدارمیں آنے پر دو راستے تھے ، پہلاراستہ تھا الیکشن کرائیں اورمعیشت کوٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے لیے چھوڑ دیں جب کہ دوسرا راستہ یہ تھا کہ پہلے اقتصادی چیلنجز سے نمٹا جائے ، ہم نے پاکستان کو معاشی دلدل سے بچانے کا انتخاب کیا اور پاکستان کو پہلے سامنے رکھا .

انہوں نے کہا کہ یہ پہلابجٹ ہے جس میں معیشت کی بحالی کا منصوبہ ہے، سخت فیصلے ملک کو معاشی بحران پر قابو پانے کے قابل بنائیں گے، حکومت نے کم آمدنی والے اور تنخواہ دارپرکم سے کم بوجھ ڈالنےکی کوشش کی ، حکومت نے یہ فیصلہ غربت کے خاتمے کے مقصد سے کیا ہے ، متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پوراکریں، براہ راست ٹیکس سے حاصل رقم مالی مشکلات سےمتاثر افراد پرخرچ ہوگی .

دوسری طرف پاکستان تحریک انساف کے سینیٹر اور سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے حکومت کی جانب سے سپر ٹیکس لگائے جانے پر کہا ہے کہ یہ جارحانہ اور پرانا پاکستان کا ٹیکس سسٹم ہے، چند انڈسٹریز جو چل رہی ہیں یہ اس کا بھی بیڑہ غرق کردیں گے ، یہ واپس پرانے پاکستان کی طرف لے کر جارہے ہیں ، 43 ملین لوگوں کو ڈیٹا دیا جو ٹیکس نہیں دے رہے ، یہ لوگ ان سے ٹیکس نہیں لے رہے اس کی بجائے 30 , 30 فیصد ٹیکس میں اضافہ کردیا .
شوکت ترین نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ہمیں 700ارب روپے کے ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا کہا لیکن ہم نے تقریباً نصف ٹیکس چھوٹ ختم کی جب کہ انہوں نے ہمارے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے تمام اقدامات ختم کردیے ، انہوں نے ریٹیلیرز کو پھر سے ٹیکس دینے سے بچالیا ، یہ فکس ٹیکس کی طرف جا رہے ہیں جو پرانے پاکستان کا ٹیکس سسٹم ہے . سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے 1400 ارب روپے ایک سال میں اکٹھا کیا ، اس سال 1900 ارب تک لے گئے ، یہ اس پروگرام پر عمل کیوں نہیں کر رہے؟ ہم نے کہا تھا ٹیکس نیٹ میں اضافہ کریں ، جو پہلے ہی ٹیکس دے رہا ہے اس پرمزید ٹیکس نہ لگائیں .
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے ، ان صنعتوں میں سیمنٹ، شوگر، اسٹیل، آئل اینڈ گیس سیکٹر، ٹیکسٹائل، بینکنگ، فرٹیلائز، سگریٹ، آٹوموبائل اور بیوریجزانڈسٹری سمیت دیگر شامل ہیں .

. .

متعلقہ خبریں