منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے،ربابہ بلیدی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 76 لاکھ سے زائد افراد نشے کی لت میں مبتلا ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد تین لاکھ کے لگ بھگ ہے ملک میں انسداد منشیات کے لئے اقدامات اور قانون سازی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر یہاں جاری اپنے ایک پیغام میں کیا، پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ دنیا بھر میں 15 سے 64 سال کی عمر کے 35 کروڑ لوگ کسی نہ کسی نشے میں مبتلا ہیں دنیا کی تقریباً سات ارب آبادی میں سے ساڑھے چار ارب افراد کی عمریں 15 سے 64 سال کے درمیان ہیں جن میں نشے کے عادی افراد کی شرح سات فیصد ہے ہمارے نوجوان اکثر و بیشتر معاشرتی ردعمل اور نامناسب رہنمائی کی وجہ سے نشے جیسی مہلک عادات کو اپنا لیتے ہیں نوجوان نسل منشیات، شراب، جوے اور دیگر علتوں میں مبتلا ہو کر نا صر ف اپنی زندگی تباہ کر رہی ہے بلکہ اپنے ساتھ اپنے خاندان والوں کے لئے بھی اذیت اور پریشانی کا سبب بن رہی ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری سطح پر اے این ایف‘ کسٹم اور ایکسائز سمیت 24 ایجنسیاں منشیات کے تدارک کیلئے سرگرم عمل ہیں ہمارے ہاں پکڑی جانے والی منشیات میں سے 60 فیصد اینٹی نارکوٹکس فورس پکڑتی ہے جبکہ 60 فیصد باقی 23 ادارے پکڑتے ہیں انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں منشیات استعمال کرنے والے 76 لاکھ افراد میں سے 78 فیصد مرد جبکہ 22 فیصد خواتین ہیں منشیات کے عادی افراد کو نہ صرف نظر انداز کیا جاتا ہے بلکہ بدقسمتی سے کسی توجہ کا مستحق نہیں سمجھا جاتا . منشیات کے عادی افراد کو بے چارگی اور کسمپرسی کی حالت میں مرنے کیلئے چھوڑ دیا جائے تو یہ ظلم کے مترادف ہوگا .

منشیات کی عادت کا شکار لوگ نفرت سے زیادہ ہمدردی کے مستحق ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ ایک چیلنج ہے جس سے پورے معاشرے کو مل کر لڑنا ہو گا بلوچستان کی صوبائی حکومت نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے ایک جدید ادارے کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے جسے جلد قابل عمل بنایا جائے گا بلوچستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہوگا جہاں نشے کے عادی افراد کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں میسر آئیں گی .

. .

متعلقہ خبریں