ریاض (قدرت روزنامہ) جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ملاقات میں دفاعی، عسکری شعبےمیں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالدبن سلمان کا ٹویٹ . تفصیلات کے مطابق سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالدبن سلمان نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کےکمانڈر جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کر کے خوشی ہوئی .
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہزادہ خالدبن سلمان نے کہا کہ ملاقات میں دفاعی، عسکری شعبےمیں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا . انہوں نے لکھا کہ ملاقات میں مملکت اور پاکستان کےتاریخی تعلقات باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی . عرب نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالدبن سلمان کی اتوار کو جدہ میں ملاقات ہوئی .
اس موقع پر سعودی نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر ہشام بن عبدالعزیز السیف اور پاکستان میں تعینات سعودی آرمی اتاشی میجر جنرل عوض بن عبداللہ الزھرانی بھی موجود تھے . واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف شاہ عبدالعزیز اعزاز سے نوازا ہے جو مملکت کے بانی کے نام پر ہے . سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے اتوار کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ’سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط اور ترقی دینے میں جنرل باجوہ کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہوئے‘ انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا .
جنرل قمر جاوید باجوہ سنیچر کو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تھے . آئی ایس پی آر کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی محمد بن سلمان سے ہونے والی ملاقات میں دفاع اور سکیورٹی اُمور پر تبادلۂ خیال کیا گیا . بیان کے مطابق، آرمی چیف نے محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہےاور مسلم اُمہ میں سعودی عرب کے اہم مقام کا اعتراف کرتا ہے . آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے ایئر ڈیفنس، انسدادِ دہشت گردی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا .