عوام کو مہنگی بجلی کا ایک اور جھٹکا ‘ فی یونٹ تقریباً 8 روپے اضافے کی منظوری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک میں بجلی کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی ، بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا . تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر سماعت ہوئی ، چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت دیگر ممبران کی موجودگی میں سماعت کی گئی ، جہاں سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی ، تاہم دوران سماعت نیپرا نے کہا کہ ڈیٹا کی ابتدائی جانچ پڑتال کے تحت 7 روپے 90 پیسےفی یونٹ بنتا ہے ، جس کے ساتھ ہی بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی .


نیپرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مئی کا ایف سی اے اپریل کی نسبت 3 روپے 91 پیسے فی یونٹ جولائی میں زیادہ چارج کیا جائے گا ، بجلی کی قیمت میں اضافےکا اطلاق بھی صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا ، اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہو گا ، بجلی کی قیمت میں اضافےکا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا جب کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی .

ادھر ملک میں آئندہ ماہ سے مرحلہ وار مہنگی ہونے والی بجلی کی فی یونٹ نئی قیمت بتادی گئی ، یکم جولائی سے یکم اکتوبر تک بجلی کا ایک یونٹ 16.91روپے سے بڑھ کر 24 روپے 82 پیسے کا ہو جائے گا ، ماہانہ 200 یونٹ یا اس سےکم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا . جیو نیوز کی رپورٹ میں ذرائع پاور ڈویژن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے فی یونٹ بجلی 3 روپے 50 پیسے مہنگی ہو گی ، جس کے نتیجے میں یکم جولائی سے بجلی کا ایک یونٹ 16.91 روپے سے مہنگا ہو کر 20.41 روپے کا ہوجائے گا .

. .

متعلقہ خبریں