کراچی کی عوام کیلئے چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئیں

کراچی (قدرت روزنامہ) وزیرٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یکم جولائی کو کراچی روٹ ٹو پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گے، چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئیں، دو ماہ کے اندر کراچی کے تمام روٹس پر لال بسیں چلا دیں گے . انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئیں، کل پیپلزبس سروس کے روٹ ون کا آغاز ہوگیا، یکم جولائی کو روٹ ٹو پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گے، دو ماہ کے اندر کراچی کے تمام سات روٹس پر بسیں چلا دی جائیں گی .


وزیرٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ مجموعی طور پر 240 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں . اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی کے عوام کو پیپلز بس سروس کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا ٹرانسپورٹ نظام بہتری کی جانب گامزن ہے ، جلد اورنگی ٹاؤن سے فاطمہ جناح یونیورسٹی تک عبدالستار ایدھی اورینج لائن کا بھی آغاز کردیا جائے گا .

یہ بات انہوں نے پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور روٹ پر چلنا شروع ہوگئی ہیں . مجموعی طور پر کراچی میں 7 روٹس ہیں . دس دن کے بعد مزید روٹس پر بسیں چلیں گی . انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی شہر کو ترقی دینے کے لئے ہر وقت کوشاں ہے ، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے .
انہوں نے کہا کہ یہ بسیں سرکاری نہیں عوام کی بسیں ہیں ، شہری ان کی حفاظت اپنے اثاثوں کی طرح کریں . انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری لائیں . ترکی کی ایک کمپنی سے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کا پلانٹ لگانے پر بات چیت ہوئی ہے ، جس سے نہ صرف ملک کے قیمتی سرمایہ میں بچت ہوگی بلکہ کم لاگت سے اعلیٰ معیار کی بسیں مقامی سطح پر تیار ہونگی .
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن روٹس پر یہ بسیں چلیں گی ، ان پر پرانی بسیں جلد ختم کر دی جائیں گی . انہوں نے کہا کہ کسی کو بس پروجیکٹ ناکام بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی . یہ عوام کا پروجیکٹ ہے . اگر کسی نے بسوں اور ان کے اسٹیشنز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں