لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد حمز ہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے ،بیرسٹرعلی ظفر کا دعویٰ

لاہور(قدرت روزنامہ) وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے دعویٰ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد حمز ہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے ،عدالت نے وزیراعلیٰ حمزہ شہبازکا حلف کالعدم قراردیا ہے،ہماری درخواستیں منظور ہوئی ہیں .

وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ ہم نے آئین ،قانون اور انصاف کی بات کی ، فیصلے میں کہا گیا جو وز یراعلیٰ ڈیفکٹو کے ووٹ سے منتخب ہواوہ ٹھیک نہیں .

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف کے انتخاب کو کالعدم قرار دیدیا ہے، تحریری فیصلے میں تفصیلات جاری کی جائیں گی .

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس کا فیصلہ چار ایک کی تناسب سے سنایا ، فیصلے میں پانچ میں سے ایک فاضل جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی کا مشروط اختلاف سامنے آیا ہے . عدالت نے کہا کہ  تفصیلات تحریری فیصلے میں جاری کی جائیں گی . لارجر بینچ میں جسٹس صداقت علی خان کے علاوہ جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ اورجسٹس شاہد جمیل خان  شامل تھے .

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پانچ درخواستیں عدالت میں دائر کی گئی تھیں جن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب ، پنجاب اسمبلی میں ہونے والی کارروائی اور پورے الیکشن کو ہی چیلنج کیا گیا تھا . جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مختصر فیصلہ جاری کر دیاہے . گزشتہ روز پانچ رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا .

یاد رہے کہ گزشتہ حمزہ شہباز کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس شاہد جمیل نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو کیسے نظر انداز کر دیں، سپریم کورٹ جا کر فیصلے پر نظر ثانی کرائیں، تشریح موجودہ حالات میں لاگو ہو گی .

. .

متعلقہ خبریں