تاجربرادری کا عید تک کاروباری اوقات کار میں پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور (قدرت روزنامہ)تاجربرادری نے عید تک کاروباری اوقات کار میں پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت نے جائز مطالبہ نہ مانا تو اگلے ہفتے احتجاج کا اعلان کردیں گے،توانائی بچانے کے نام پر معیشت کا بیڑا غرق نہ کیا جائے . ہم نیوز کے مطابق صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے تاجر نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں عید تک کاروباری اوقات کار میں پابندی ختم کیا جائے، اتنی گرمی میں خریدار کا گھر سے نکلنا ممکن ہی نہیں، حکومت خریدار اور دوکانداروں دونوں کا احساس کرے .


انہوں نے کہا کہ تاجروں کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ وہ بھی سڑکوں پر نکل آئیں . انہوں نے کہا کہ توانائی بچانے کے نام پر معیشت کا بیڑا غرق نہ کیا جائے، کورونا کے دوران عید کے دنوں میں اوقات کار میں پابندی نہیں تھی، حکومت نے جائز بات پر توجہ نہ دی تو اگلے ہفتے میں احتجاج کا اعلان کر دیں گے .

دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے پیر کے روز سے عید الاضحی تک کاروباری مراکز رات 9بجے کے بعد بھی کھولنے کی اجاز ت دینا خوش آئند ہے ،اس فیصلے سے تاجروں کو کچھ نہ کچھ ریلیف ملے گا اور وہ پیشگی تیار کرائے گئے آرڈرز کی ادائیگیاں کرنے کے قابل ہو سکیں گے .

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر طبقے نے ہر کڑ ے وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اس لئے ہمیں یقین تھا کہ حکومت عید کے تہوار کی مناسبت سے کاروباری اوقات کار کو محدود کرنے کے اپنے فیصلے کو واپس لے گی . انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے حکومت سے بھرپور مطالبہ کیا گیا تھا اور ہم شکر گزار ہیں کہ ہمارے مطالبے کو زیر غور لایا گیا اور پیر کے روز سے عید الاضحی تک کاروباری مراکز رات 9بجے کے بعد بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے جس سے کاروباری طبقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے . انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے لوگ آسانی سے عید کے تہوار کے لئے خریداری کر سکیں گے جس سے معیشت کو بھی تقویت ملے گی .

. .

متعلقہ خبریں