امریکا کا پی ٹی آئی رہنما کے ڈونلڈ لو سے رابطے پر تبصرہ کرنے سے گریز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اوورسیز عبداللہ ریار کے ڈونلڈ لو کے ساتھ مبینہ رابطے کے بارے میں بات کرنے سے گریز کیا ہے . جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق میڈیا کی جانب سے رابطہ کرنے پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نجی سفارتی ملاقاتوں پر تبصرہ نہیں کرتے .

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اوور سیز چیپٹر ڈاکٹر عبداللہ ریار نے مبینہ طور پر نائب امریکی وزیر خارجہ ڈونلڈ لو سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ ماضی کو بھلائیں اور آگے بڑھیں . اسی حوالے سےوزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو سے معافی مانگ لی ہے ہم نے اس سے متعلق تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے .

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی کی تمام تفصیلات ہمارے پاس آ چکے ہیں .  پاکستان میں امریکہ کے خلاف صرف نعرے لگانے والا امریکہ کے پیر پکڑ رہا ہے . خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں سے ٹوٹا ہوا تھا . عمران خان نے امریکی سفارت کار کو پیغام دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں .

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے ڈونلڈ لو سے منتیں ترلے کیے جا رہے ہیں . خواجہ آصف کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف عادتاْ جھوٹ بولتے ہیں .  عمران خان نے امریکہ سے متعلق پالیسی کل جلسے میں بیان کی ہے، تحریک انصاف نے کسی بھی سطح پر امریکی حکومت کے کسی بھی نمائندے سے رابطہ نہیں کیا . فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہا ہے ماضی قریب کے حادثے کی وجہ سے خواجہ آصف نفسیاتی مریض بن چکے ہیں اور انھیں علاج کی ضرورت ہے .

. .

متعلقہ خبریں